وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کو شکست دیکر انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
اس موقع پر انہوں نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم نے بھارت کیخلاف شاندار کامیابی پر ٹیم اور منیجمنٹ کو مبارکبار دی۔ملاقات میں چیئر مین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ملاقات کے بعد ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کپتان فرحان یوسف اور دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کر کے آئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، وزیراعظم نےبھارت کے خلاف بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی،
کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، بھارت کو بدترین شکست پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل خود دیکھا ٹیم جس جوش و جذبے سے میدان میں لڑرہی تھی اس کی مثال نہیں ملتی، مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے،وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا امیدکرتاہوں کہ آپ کارکردگی کے تسلسل کوبرقرار رکھیں گے، آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے ، چیئرمین پی سی بی کو کہتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھاجائے ، تمام کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولت بہم پہنچائی جائے
وزیراعظم نے سمیرمنہاس کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور ان کو ہیرو قرار دیا، شہباز شریف نےمحسن نقوی کو پی سی بی معاملات احسن طریقے سے چلانے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نےکہا کہ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، مستقبل میں یہ نوجوان پلیئر ملک کا نام روشن کریں گے۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ ٹیم کی تیاری کا عمل 17 جون 2025 سے شروع ہوا، جس کے دوران 70 نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے۔ ٹرائلز کے بعد 30 کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا گیا اور ایشیا کپ سے قبل ہدف یہی رکھا گیا تھا کہ نہ صرف ٹرافی جیتنی ہے بلکہ شائقینِ کرکٹ کے دل بھی جیتنے ہیں،قومی ٹیم کے سابق کپتان اور انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں نوجوان کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا گیا اور فی کھلاڑی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ وزیراعظم نے پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گی، سمیر منہاس نے فائنل میں شاندار اننگ کھیلی جبکہ عثمان خان نے بھی ان کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑے میچ میں بڑا اسکور کرنا ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا نتیجہ تھا، فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس کے باعث تمام کھلاڑی اعتماد کے ساتھ کھیلے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کی جیت میں ہر کھلاڑی کا کردار اہم رہا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ٹورنامنٹ میں انفرادی طور پر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم آئندہ ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے،سٹار بلے باز سمیر منہاس نے کہا کہ ان کا پلان سادہ تھا، وکٹ پر وقت گزارنا اور ٹیم کے لیے رنز بنانا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کسی قسم کا دباؤ محسوس نہیں کیا اور کوشش یہی تھی کہ بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجایا جائے تاکہ مخالف ٹیم دباؤ میں آئے۔








