وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دریائے ستلج میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئر مین کو فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے خاص طور پر پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشنز کو تیز تر کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے فوری انخلاء کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب کی شدت اور خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات میں اضافے اور مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہر ضروری سہولت فراہم کی جائے گی۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی کے انتظامات کو بھی وزیراعظم نے انتہائی اہم قرار دیا اور ہدایت کی کہ متاثرین کو بلا تاخیر یہ امداد پہنچائی جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے۔
وزیراعظم نے چیئر مین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں تاکہ ریسکیو اور ریلیف کے کام مؤثر طریقے سے انجام دیے جا سکیں۔حکومت کا عزم ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے اور متاثرین کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر کے ان کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔