وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو سعودی عرب کے دورے کے دوران ایک غیر معمولی اعزاز حاصل ہوا۔ جیسے ہی وزیر اعظم کا طیارہ سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا، سعودی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ان کے طیارے کا استقبال کرتے ہوئے اسے حفاظتی حصار میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے دیا جانے والا یہ پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مضبوط سفارتی رشتوں کا مظہر ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کا استقبال صرف قریبی اتحادی اور برادر اسلامی ممالک کے سربراہان کو ہی دیا جاتا ہے۔پاکستانی حکومتی ذرائع نے اس موقع کو "اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت، وزیر اعظم شہباز شریف کی کامیاب سفارتکاری اور پاک افواج کی بے مثال قربانیوں اور کارناموں کا نتیجہ” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں پاکستان کو ملنے والا یہ اعزاز نہ صرف پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ قریبی اور برادرانہ رہے ہیں، تاہم حالیہ عرصے میں اقتصادی تعاون، دفاعی تعلقات اور خطے کی سلامتی کے حوالے سے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قربت مزید بڑھی ہے۔پاکستانی عوام کی جانب سے بھی وزیر اعظم کے اس شاندار استقبال پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور سوشل میڈیا پر "اللہ اکبر” کے نعروں کے ساتھ اس موقع کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔