نجی کمپنی کی بہاءالدین زکریاایکسپریس چلانےسےمعذرت:ٹھیکہ منسوخ

0
45

لاہور:نجی کمپنی نے بہاء الدین زکریا ایکسپریس چلانے سے معذرت کرلی، پاکستان ریلویز نے ٹھیکہ منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ٹرین 22 اگست سے سرکاری سطح پر چلائی جائے گی۔

پاکستان ریلویز اپنی کئی ٹرینیں نجی کمپنیوں کے تعاون سے چلارہی ہے، جن میں سرسید ایکسیرپس اور شالیمار ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔

 

 

 

بہاء الدین زکریا ایکسپریس(25 اپ/26ڈاؤن)ملتان اور کراچی کے درمیان چلتی ہے جس کا ٹھیکہ 4 ماہ سے نجی کمپنی کے پاس تھا،جس کیلئےاس نےپاکستان ریلویز کےپاس 5فیصد سیکیورٹی ڈپازٹ کرایا تھا۔

پاکستان ریلویز نےنجی کمپنی کی درخواست پر ٹھیکہ منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق نجی کمپنی کی درخواست پربہاء الدین زکریا ایکسپریس کا ٹھیکہ ختم کرنےکی منظوری دیدی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز بہاء الدین زکریا ایکسپریس کا انتظام نجی کمپنی سے واپس لے رہی ہے، جس کا اطلاق 22 اگست 2022ء سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ریلوے کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ جلد سے جلد بہاء الدین زکریا ایکسپریس کیلئے پیشگی بکنگ شروع کرے، جو 22 اگست سے چلائی جائے گی۔

واضح رہے کہ نجی ٹرینوں میں نازیبا ڈانس کے واقعات رپورٹ ہونے پر ریلوے انتظامیہ نے تیز گام کے بعد سرسید ایکسپریس کے ٹھیکے دار کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

Leave a reply