ننکانہ :عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے والے افسران اور جوان قابل فخر ہیں- ڈی پی او
ننکانہ صاحب باغی ٹی وی(نامہ نگار)جان کی پرواہ کیے بغیر عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے والے افسران و جوان قابل فخر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او اعجاز رشید نے اپنے دفتر میں پولیس افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی ننکانہ کے علاقہ پرانا ننکانہ میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ 15 کی کال پر پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے چار مسلح ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان جامعہ مسجد رحمان اہل حدیث پرانا ننکانہ مقبول مرحوم کی بیوہ کے گھر ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تھے جس پرقریبی مسجد کے امام احمد اللہ شوکت نے 15 پر کال کر دی۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی و صدر ننکانہ ہمراہ ایلیٹ ٹیم موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے حق حفاظت خود اختیاری جوابی فائرنگ کی جسکے نتیجہ میں 4 مسلح ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیئے گئے اور انکے قبضہ سے اسلحہ اور لوٹا ہوا مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے DHQ ہسپتال ننکانہ منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان کی شناخت ناصر، رفیق، عرفان اور سمیع کے ناموں سے ہوئی۔ ڈی پی او ننکانہ اعجاز رشید نے کامیاب کاروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعام تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ جان ہتھیلی پہ رکھ کے ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنانا قابل تحسین ہے۔ مجھے ایسی فورس کے ضلعی سربراہ ہونے پہ فخر ہے جس نے عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں فرض کی ادائیگی اور اپنے حلف کا وعدہ پورا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی پولیس کے تمام افسران و جوان جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور بیخ کنی کو یقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا مقصد پولیس افسران و جوانوں کے حوصلے بلند کرنا ہے۔ ضلعی پولیس کے تمام افسران و جوان عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے جذبے سے سرشار ہیں