چونیاں: شہری بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئے

واپڈا بل اب صرف بل نہیں رہا بلکہ باقاعدہ ڈکیتی بن چکا ہے بجلی کے بلوں کے ذریعے حکومتی لوٹ کھسوٹ منظور نہیں

چونیاں،باغی ٹی وی (نامہ میاں عدیل اشرف) شہری بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئے،ایک تو مہنگی بجلی اوپر سے اووربلنگ شہری بلبلا اٹھے واپڈا بل اب صرف بل نہیں رہا بلکہ باقاعدہ ڈکیتی بن چکا ہے ،بجلی کے بلوں کے ذریعے حکومتی لوٹ کھسوٹ منظور نہیں مراعات یافتہ طبقے کی خاطر غریبوں، مزدوروں، دیہاڑی داروں اور سفید پوشوں کا معاشی استحصال بند ہونا چاہئے

بجلی 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کر کے عوام کے اوپر مزید مہنگائی کا بم گرا دیا جس کے خلاف چونیاں مستووال کے شہریوں نے ‏پرامن احتجاجی ریلی جامعہ مسجد سے لے کر کیپٹن صہیب اشرف شہید چوک تک نکالی ،شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بلوں میں اوور چارجز فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا

چونیاں کے شہری اور کسان مہنگائی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف سراپا احتجاج ،شہریوں نے پرامن احتجاجی ریلی نکالی جس میں صحافی تاجر برادری اور کسانوں نے بھرپور شرکت کی ریلی جامعہ مسجد مستووال سے ہوتی ہوئی کیپٹن صہیب اشرف شہید چوک پہنچی، مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں عام آدمی کے لئے ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہے ،

معاشی بدحالی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ، کمائی نصف اور مہنگائی ڈبل ہو چکی جس سے مزدور کسان تاجر اور سول سوسائٹی پر زندگی کا دائرہ تنگ ہوتا جا رہا ہے ،نگران حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور عوام کو ریلیف دیا جائے،احتجاجی ریلی میں شہریوں نے حکومت وقت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ظالم حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے

شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ائے روز بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس لیا جائے تاکہ عام آدمی کی زندگی اسان طریقے سے گزر سکے۔

Leave a reply