ڈہرکی: تجاوزات کے خاتمے پر ریڑھی مزدوروں کا ساتویں روز بھی احتجاج

ریڑھی مزدوروں کو متبادل جگہ دی جائے، غیر قانونی دکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے،شہری مزدور اتحاد کا مطالبہ

میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈہرکی میں تجاوزات کے خاتمے پر ریڑھی مزدوروں کا ساتویں روز بھی احتجاج،ریڑھی مزدوروں کو متبادل جگہ دی جائے، غیر قانونی دکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے،شہری مزدور اتحاد کا مطالبہ

ڈہرکی شہر میں تجاوزات اور انکروچمنٹ کے خاتمے کے حوالے سے شہری مزدور اتحاد کی جانب سے ساتویں روز بھی احتجاج جاری رہا۔ احتجاج کا مقصد غیرقانونی تجاوزات کو ہٹانا اور متاثرہ ریڑھی مزدوروں کو متبادل جگہ کی فراہمی ہے۔ یہ احتجاج ٹاؤن کمیٹی ڈہرکی کے دفتر کے سامنے منعقد کیا گیا۔

شہری مزدور اتحاد ڈہرکی کے صدر محمد صادق لغاری نے مظاہرے کے دوران کہا کہ ان کی پرامن جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک ریڑھی مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈی ایم او اور چیئرمین ڈہرکی سے فون پر بات کی ہے، جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔

مزدور رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ ریڑھی مزدوروں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہائی کورٹ سکھر کے حکم کے مطابق ریڑھی مزدوروں کو متبادل مناسب جگہ فراہم کی جائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہر میں موجود دکانداروں کی جانب سے قائم کی جانے والی غیر قانونی دکانیں اصل انکروچمنٹ ہیں، اور جب تک ان کو ختم نہیں کیا جاتا، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

Comments are closed.