اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) جمیعت علماء اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں نے چوک منیر شہید احمدپور شرقیہ میں احتجاج کیا، جس کی قیادت قاری سیف الرحمن راشدی اور مولانا پیر حماد اللہ نے کی۔ مظاہرین نے رہنما شیخ الحدیث جامعہ دارالفتیحہ مولانا محمد سلیمان کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرہ میں تحصیل بھر سے سینکڑوں علماء کرام اور کارکن شریک ہوئے، جنہوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ علماء اسلام کے خلاف کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ قاری سیف الرحمن راشدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مولانا محمد سلیمان کو رہا نہ کیا گیا تو قائد جمیعت مولانا فضل الرحمن کی مشاورت سے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مولانا محمد احمد جالندھری نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور ہمیں امن سے رہنے دیا جائے۔ مظاہرین نے صدر پاکستان، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈی پی او بہاولپور سے مولانا محمد سلیمان کی فوری رہائی کی اپیل کی۔

احتجاج میں پروفیسر عامر حفیظ، مہر غلام ربانی کاٹھیہ، قاری عبدالمنان قریشی، مولانا غلام مرتضیٰ عثمانی، قاضی عمر فاروق، مولانا سمیع الرحمن، مامون اکمل کمالوی اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

Shares: