ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں) صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ کی صدارت میں جمخانہ کلب مکلی میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں ضلع ٹھٹھہ کے عوام نے تعلیم، صحت، سڑکوں، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے۔

کھلی کچہری میں نو بھرتی شدہ اساتذہ کی تنخواہوں اور حقوق کے ریکارڈ، اساتذہ کی کمی، اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں، ونڈ ملز کے سی ایس آر فنڈز، حیدرآباد–ٹھٹھہ اور ٹھٹھہ–سجاول ڈبل روڈ کی تعمیر، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی مبینہ بے ضابطگیوں، پانی کی وارا بندی اور ناجائز قبضوں سمیت مختلف مسائل پر شکایات کی گئیں۔

تقریب میں صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی، ایم این اے صادق علی میمن، ایم پی اے رخسانہ شاہ، چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور، وائس چیئرمین ممتاز علی جلبانی، ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو، ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران، پیپلز پارٹی کے رہنما، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کے مسائل براہِ راست سن کر ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ سندھ کی تاریخ کا ایک اہم شہر ہے اور یہاں آ کر کھلی کچہری منعقد کرنا باعثِ مسرت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بند اسکولوں کو فعال کرنا اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور یہ مسائل صرف عوام کے نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری بھی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام شکایات نوٹ کر لی گئی ہیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ایم این اے صادق علی میمن نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا سلسلہ پیپلز پارٹی کی روایت ہے اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Shares: