اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے محنت کش طبقے کے لیے ایک اور انقلابی قدم، ضلع اوکاڑہ میں 2600 فیکٹری ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈز فراہم کر دیے گئے۔ اس کار خیر کے تحت مزدور طبقے کو نہ صرف راشن پر سبسڈی دی جائے گی بلکہ متعدد مالی اور فلاحی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔

راشن کارڈز کی تقسیم کی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مستحق ورکرز میں کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی ساہیوال میاں ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی حسن اصغر سمیت دیگر افسران، فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی میاں ذوالفقار علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز راشن کارڈ کی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارڈ محنت کشوں کو نہ صرف راشن پر 20 فیصد رعایت فراہم کرے گا بلکہ ان کے معاشی بوجھ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ راشن کارڈ استعمال کرنے والے ورکرز کو ماہانہ 3 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راشن کارڈ سے مستفید ہونے والے ورکرز کو کسی حادثے کی صورت میں 3 لاکھ روپے انشورنس جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں 2 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محنت کش طبقے کو یہ حق برسوں پہلے ملنا چاہیے تھا۔

ڈائریکٹر میاں ذوالفقار علی نے بتایا کہ صوبائی وزیر افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اور ان کی کاوشوں کو محنت کش طبقہ خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

چوہدری ریاض الحق نے مزید اعلان کیا کہ محکمہ سوشل سیکیورٹی ورکرز کے بچوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول قائم کرے گا، جہاں معیاری تعلیم کی سہولت دی جائے گی تاکہ یہ بچے بھی ایک روشن مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔

فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو حقیقی عوامی فلاح کی جانب ایک قدم قرار دیا۔ راشن کارڈ سکیم کو محنت کشوں کی زندگی میں خوشحالی لانے کا ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Shares: