پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 سال مکمل ہونے پر خصوصی دستاویزی فلم تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے-

دستاویزی فلم پی ایس ایل کے 2016 سے 2025 تک کے دس سالہ سفر پر مبنی ہوگی، جس میں ٹورنامنٹ کے اتار چڑھاؤ اور اہم سنگ میل کو دکھایا جائے گا،ڈاکیومینٹری میں پی ایس ایل کی دبئی سے پاکستان منتقلی، غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے مشکل مرحلے اور ایونٹ کو درپیش بڑے چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی،فلم میں کورونا وائرس کے دوران پی ایس ایل کو درپیش چیلنجز، ملتوی میچز، بائیو سکیور ببلز اور اس مشکل دور میں لیگ کو جاری رکھنے کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

دستاویزی فلم میں یہ بھی دکھایا جائے گا کہ کس طرح پاکستان سپر لیگ دنیا کی نمایاں کرکٹ لیگز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی اور آج اسے دنیا کی سب سے پرکشش فرنچائز لیگز میں شمار کیا جاتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس پروجیکٹ کیلئے شہرت یافتہ اور تجربہ کار فلم ساز کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا خواہش مند ہے تاکہ اس تاریخی سفر کو عالمی معیار کے مطابق محفوظ کیا جا سکے،اس پروجیکٹ کی نگرانی اور تیاری کیلئے بورڈ کی جانب سے ابتدائی مشاورت کا عمل جاری ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی فلم کی تیاری کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

Shares: