لندن کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو عالمی سطح پر مزید فروغ دینے کے لیے امریکا کا رخ کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیویارک میں پی ایس ایل کے روڈ شو کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ یہ اہم تشہیری ایونٹ 13 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا، جس میں قومی کرکٹرز، سابق لیجنڈز اور شوبز شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ نیویارک روڈ شو میں پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان آغا سمیت اہم کھلاڑی ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ ان کرکٹرز کی موجودگی کا مقصد نہ صرف ایونٹ کو عالمی سطح پر روشناس کرانا ہے بلکہ پی ایس ایل کی برانڈ ویلیو میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ایونٹ کو مزید رنگین بنانے کے لیے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم، سابق چیئرمین پی سی بی و معروف کمنٹیٹر رمیز راجا اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر بھی روڈ شو کا حصہ ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق پروگرام میں کرکٹ کے فروغ، نئی فرنچائزز کے اجراء اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی جیسے اہم موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے روڈ شو کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کو عالمی سطح پر متعارف کرانا وقت کی ضرورت ہے، اور ’’نئی ٹیموں میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی خوش آئند اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ہے۔‘‘








