کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری دن جمعے کو مثبت رجحان رہا۔ 100 انڈیکس 615 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 82,074 کی سطح پر بند ہوا۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے اور وفاقی حکومت کے کامیاب تجارتی اہداف کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھنے میں آیا۔کاروباری دن کے دوران پی ایس ایکس 100 انڈیکس 984 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 48 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 30 ارب روپے رہی۔ شیئرز کی خرید و فروخت کے نتیجے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 57 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی کیپٹلائزیشن 10 ہزار 723 ارب روپے تک پہنچ گئی۔تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جاری مثبت رحجان کی وجہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا استحکام اور تجارتی اہداف کی کامیاب تکمیل ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔








