پی ٹی آئی اور جے یو آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات منگل کو طے پا گئی،
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان اہم ملاقات منگل کو ہوگی، جس میں اتحاد سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی شرکت کریں گے۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے مذاکرات کے لیے پہلے ہی پانچ پانچ رکنی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔مولانا فضل الرحمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں اور اتوار کو وطن واپس پہنچنے کی توقع ہے۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ممکنہ اتحاد کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ادھر جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ پنجاب حکومت نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے، جس سے مذاکرات کے مثبت نتائج نکلنے کی امید ہے۔اس ملاقات کو سیاسی حلقوں میں بڑی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات میں اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔