وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ریاست مدینہ کے تصور پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست مدینہ کے اصولوں کی بات کی ہے اور موجودہ صوبائی حکومت اسی خواب کو حقیقت بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ پشاور میں وزیر اعلیٰ سے متحدہ علماء بورڈ کے اراکین نے ملاقات کی، جس میں بورڈ کے قیام کے مقاصد، اس کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران علی امین گنڈاپور نے متحدہ علماء بورڈ کے قیام کو ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بورڈ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کو شامل کیا گیا ہے جو کہ صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے نہایت اہم ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ نے صوبے میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جو کہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماجی برائیوں اور مختلف بیماریوں سے متعلق آگاہی پھیلانے میں بھی علماء بورڈ کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق بورڈ کی سرگرمیاں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے اور معاشرتی ترقی میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔علی امین گنڈاپور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صوبائی حکومت متحدہ علماء بورڈ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اسے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی ہے تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی ایک منصفانہ اور مساوی حکومت کا قیام علمائے کرام کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خواب ایک ایسی ریاست کا قیام تھا جہاں عدل و انصاف، مساوات، اور فلاح و بہبود کو اولین حیثیت حاصل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور علماء کی رہنمائی میں اسلامی اصولوں کے مطابق اصلاحات کو فروغ دے گی۔
Shares: