تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ’مولانا کے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں‘۔ شیر افضل مروت نے امیر جے یو آئی فضل الرحمان کی بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور مولانا صاحب کے تعلقات ہمیشہ خراب رہے، لیکن مولانا کے منہ سے کبھی غلط بات نہیں سنی، حالات و واقعات نے ہمیں یکجا کرنےکی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ ملانا چاہتی ہے، ہماری جماعت جنگل کے قانون کا خاتمہ چاہتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ’مولانا صاحب نے کہا کہ نتائج کو نہیں مانتے، ہمارا بیانیہ بھی یہی ہے کہ نتائج کو نہیں مانتے، میرے خیال میں مولانا کے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں‘۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے فارم 45 درست ہیں تو الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے، ہم بھی اپنے فارم 45 جمع کروا دیتے ہیں۔ ہم نے تمام فارم 45 حاصل کرلیے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری جنگ اصولوں کی جنگ ہے، یہ صرف 20 حلقوں سے جیتے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ لانگ مارچ اور دھرنے کی تجویز تھی لیکن خان صاحب نے لانگ مارچ کو فی الحال مسترد کردیا۔شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ نادرا ایک دن میں معاملہ کلیئر کر دے گا، ن لیگ اقتدار کی بھوکی ہوچکی ہے، ہم اقتدار چاہتے تو پیپلزپارٹی سے ڈیل کرلیتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تمام سیاسی قوتوں سے رابطے میں ہیں، ابھی کسی جماعت نے ہمارے احتجاج میں شرکت کا نہیں کہا، ہم پہلے بھی اکیلے احتجاج کرچکے ہیں، جے یو آئی ہمارے ساتھ ملتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

مولانا صاحب نتائج کو نہیں مانتے، ہمارا بیانیہ بھی یہی ہے کہ نتائج کو نہیں مانتے،افضل مروت
Shares: