اسلام آباد:شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ فی الفور انتخابات کرائے جائیں۔تفصیلات کے مطابق بنی گالہ میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کور کمیٹی اجلاس میں معاشی حالت، لاء اینڈ آرڈر اور مہنگائی پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں نے عمران خان کو کہا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، کور کمیٹی کے تمام ممبران کا فیصلہ یہ ہے کہ تیاری کی جائے، چوک اور چوراہوں پر احتجاج کی تیاری کی جائے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ملک اقتصادی بحران میں داخل ہوچکا ہے، میں مثبت حالات بھی دیکھ رہا ہوں، کور کمیٹی کا بھی مطالبہ ہے فی الفور انتخابات کی طرف جایا جائے۔سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے مزید کہا کہ الیکشن فوری کرایا جائے، 15 اکتوبر اہم ہے بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونگے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اتنخابات کے معاملے پر عوام کو احتجاج کی کال دینے سے متعلق معاملہ زیر بحث آیا۔
کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ فوری انتخابات ہی ملک کے مفاد میں ہیں اس لیے فوری طور پر اتنخابات کی طرف جایا جائے۔اجلاس میں کہا گیا کہ اگر حکومت نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو عوام کو احتجاج کی کال دی جائے گی۔اجلاس میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔