اسلام آباد (باغی ٹی وی) وفاقی وزیر احسن اقبال نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کا سوشل میڈیا اور بین الاقوامی تنظیمیں پاکستان کے خلاف منفی مہم چلا رہی ہیں، جو ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان کے بدترین دشمن بھارت نے بھی ایسی مہم جوئی نہیں کی، جو پی ٹی آئی کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے سابق صدر عارف علوی پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ وہ امریکا میں جا کر ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں اور پاکستان پر پابندیاں لگوانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کو پاکستان کے مفادات سے بالاتر کر دیا ہے اور وہ ایک ایسے شخص کے لیے واویلا کر رہی ہے، جس کی چوری کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مالی بدعنوانی کی، عوام کی دولت پر ڈاکہ ڈالا اور شفاف ترین دستاویزی چوری کی، جس کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی اس مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔