اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر کے احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے 120 سے زائد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ورکرز کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔

عدالت میں قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے اس درخواست پر فیصلہ سنایا۔عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی کے کارکنان کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، تمام ورکرز کو پولیس اسٹیشن میں بیانِ حلفی دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں انہیں یہ وعدہ کرنا ہوگا کہ وہ آئندہ ایسا کوئی جرم نہیں کریں گے۔قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اس موقع پر کہا کہ گرفتار افراد کو بیان حلفی دینا ہوگا کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے احتجاج یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوں گے۔

عدالت نے ورکرز کی رہائی کے لیے 20 ہزار روپے کے مچلکے اور ایک شیورٹی جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ اس فیصلے پر وکلا کی ٹیم میں علی بخاری، بابر اعوان، مرتضیٰ طوری اور دیگر وکلا بھی عدالت میں موجود تھے، جنہوں نے اپنے موکلین کی جانب سے درخواست دائر کی تھی۔

Shares: