پشاور: پشاور ایسٹ کے جنرل سیکرٹری تقدیر علی اور نائب صدر جان خالد اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
باغی ٹی وی : پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنماؤں میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے مؤثر اقدامات نہ اٹھانے پر مقامی رہنما ناراض ہیں، پی ٹی آئی کے دو عہدیدار مستعفی بھی ہوگئے ہیں،پشاور ایسٹ کے جنرل سیکرٹری تقدیر علی اور نائب صدر جان خالد اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفے پیش کئے،پی ٹی آئی کے ضلعی ترجمان رحمان سدیس کا کہنا ہے کہ تقدیر علی اور جان خالد نے قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا، دونوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استفعے دئیے-
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت اس احتجاج کو ’فائنل کال‘ قرار دے رہی ہے احتجاج کا اعلان عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا ہے اور علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے جلسے کے کچھ مطالبات بھی سامنے رکھے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عمران خان کہہ چکے ہیں کہ احتجاج میں 26ویں آئینی ترمیم کے خاتمے، جمہوریت اور آئین کی بحالی، مینڈیٹ کی واپسی اور تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا،جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے تو گھروں کو واپسی نہیں ہوگی۔‘
پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا میں حکومت ہے اور ماضی قریب میں اسلام آباد کی جانب مارچ کی قیادت خیبرپختونخوا کے وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کی تھی۔








