اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمن سے متعلق ’ویڈیو اور ٹوئٹ‘ معاملے میںایف آئی اے نے مزید تین پی ٹی آئی رہنماؤں بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل عمر ایوب اور مرکزی ترجمان رؤف حسن کو نوٹس جاری کئے ہیں-
باغی ٹی وی : چند روز قبل اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس ے آفیشل اکاؤنٹ سے سقوط ڈھاکا سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چاہئیے کہ اصل غدار تھا کون جنرل یحیٰ خان یا شیخ مجیب الرحمان‘۔
اس ویڈیو اور ٹوئٹ کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا تھا اور اس ضمن میں عمران خان کو مؤقف لینے کی کوشش کی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف وکلا کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کے لندن میں3 اہم اداروں کے تفصیلی دورے
اب ایف آئی اے نے تین پی ٹی آئی رہنما کو 5 جون کو 11 بجے انکوائری کے لیے طلب کیا ہےایف آئی اے متن کے مطابق عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے نوٹس بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری پر جاری کیے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی، جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے، اِس اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اَور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔