اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے اپنے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکان آج جمع ہو کر پارٹی قیادت کے ساتھ اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اسلام آباد میں ایک اجلاس کرے گی جس میں 5 اگست کو ہونے والے احتجاج سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے تمام ارکان اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد میں موجود رہیں تاکہ احتجاجی حکمت عملی پر بھرپور توجہ دی جا سکے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین اس بار سیاسی مہم کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں اور 5 اگست کی تاریخ کو کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ یہ اقدام تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے ذریعے حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کو پیغام دیا جائے گا۔تاہم اراکین کو گرفتاریوں کا بھی خوف ہے کیونکہ متعدد اراکین کو سزائیں ہو چکی ہیں اور کئی رہنما اشتہاری ہیں.
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی تحریک انصاف نے متعدد مرتبہ ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں، جن کا مقصد سیاسی دباؤ بڑھانا اور اپنی سیاسی حکمت عملی کو تقویت دینا ہوتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے اسلام آباد میں ارکان اسمبلی کی طلبی کو سیاسی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر آنے والے دنوں میں ملک کی سیاسی صورتحال میں مزید شدت آ سکتی ہے۔