تحریک انصاف کےمزید 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور

0
43

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلئے۔

باغی ٹی وی: باخبر ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ایم این ایز کے استعفے منظور کیے ہیں جب کہ 2 ارکان کے استعفے چھٹی کی درخواست کی وجہ سے منظورنہیں کئے گئےاستعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے چند دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔

ذرائع کے مطابق ابھی استعفوں کی منظوری کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا، اسپیکر نے 43 ارکان کے استعفوں کی منظوری سے متعلق الیکشن کمیشن کو سمری ارسال کردی گئی، جس کے بعد ڈی نوٹیفائی الیکشن کمیشن کرے گا۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کےمستعفی ارکان کوکئی مرتبہ تصدیق کیلئے بلایا گیا، جس کے بعد ان کے استعفے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو بھجوادیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 اور 20 جنوری کو تحریک انصاف کے 69 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد کا استعفیٰ منظور کیا تھا استعفوں کی منظوری کے بعد گزشتہ روز تحریک انصاف نے اسپیکر کو بذریعہ ای میل اپنے 45 ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کا بتادیا تھا۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی اراکینِ قومی اسمبلی نےالیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفے واپس لینے کا بتا دیا گیا ہے،اسپیکر اگر استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے ۔

Leave a reply