پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی واقعات پر پی ٹی آئی کے سابق وزرا سمیت 115 کارکنوں پر فرد جرم عائد کر دی۔

باغی ٹی وی :9مئی کو توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں عدالت نے سابق وزرا تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کی تھی، ملزمان نے نجی اور سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ خان رازق شہید میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت کی جانب سے رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب اور آصف خان سمیت 115 ورکرز پر بھی فرد جرم عائد کی گئی، سابق وزرا اور ممبران اسمبلی سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے موٹر وے پر ہنگامہ آرائی اور کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی عبوری ضمانت میں 5 جولائی تک توسیع کر دی اور ملزم کو آئندہ تاریخ پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی راجہ فیصل رشید نے علی امین گنڈا پور کے خلاف راولپنڈی موٹروے چوک پر ہنگامہ آرائی، کار سرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور مصروفیت کے باعث آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، ان کی جانب سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک پیش ہوئے،اس موقع پر علی امین گنڈاپور کے وکیل نے ان کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی، جس پر عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی استثنیٰ کی درخواست منطور کرلی، عدالت نے علی امین گنڈا پور کی عبور ی ضمانت میں 5 جولائی تک توسیع کر دی اور ملزم کو آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف موٹروے ٹول پلازہ پر گھیراؤجلاؤ کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج ہے۔

Shares: