تحریک انصاف کا 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب اور اسد قیصر نے ایک پریس کانفرنس میں حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے نئے انتخابات کا مطالبہ کیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز تحریک انصاف اور فوج کے درمیان تصادم کی کوشش کر رہے ہیں، جو ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ 5 اگست کو پورے ملک میں دو اہم مسائل پر احتجاج کیا جائے گا۔ پہلا مسئلہ بانی پی ٹی آئی کی غیرقانونی گرفتاری ہے اور دوسرا مہنگائی کے خلاف مظاہرے ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو بھی سپورٹ کرنے کا اعلان کیا۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 41 ایم این ایز کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ان کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے ان کارروائیوں پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ایم این ایز پر دباؤ ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں۔
سابق سپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اور سوشل میڈیا ورکرز کے خلاف کریک ڈاؤن ہو رہا ہے۔ انہوں نے شہباز شریف اور مریم نواز کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ناجائز مقدمات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو حکومت کو ختم کرنے کے لیے ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔شیخ وقاص نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اور افسران کو یاد رکھنا چاہیے کہ موجودہ حکومت ہمیشہ نہیں رہے گی۔ انہوں نے ایم این ایز کے خلاف کارروائیوں کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر یہ کارروائیاں نہ روکی گئیں تو ملک میں انارکی پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔
شیخ وقاص نے کہا کہ جمعہ کو تحریک انصاف نے ہر ضلع میں احتجاج کیا تھا، جس دوران سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنان ڈرنے والے نہیں ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔تحریک انصاف نے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کے خلاف اپنے مطالبات پر زور دیا ہے اور عوام کو بڑی تعداد میں مظاہروں میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔

Comments are closed.