تحریک انصاف کا واحد مطالبہ: ملک میں آزاد عدلیہ کا قیام ہے ،شیخ وقاص اکرم

shiekh

تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے اعلان کیا ہے کہ 2 اکتوبر کو پنجاب اور ملتان میں احتجاج کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور رکاوٹوں کی وجہ سے واپس نہیں گئے۔ شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور نے اس سے پہلے بھی تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے پنجاب میں احتجاج میں شرکت کی تھی اور آج بھی انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا جرم صرف پرامن طریقے سے عدلیہ کے حق میں آواز بلند کرنا ہے۔ آج کا احتجاج عدلیہ کی آزادی کے لیے منعقد کیا گیا تھا، اور علی امین گنڈا پور کو روکنے کے لیے ربڑ کی گولیاں تک چلائی گئیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے کے لیے عوامی دباؤ بڑھا کر جھوٹے مقدمات ختم کرائیں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ علی امین گنڈا پور نے کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ وہ جیل توڑ کر عمران خان کو رہا کریں گے، جبکہ عمران خان نے پالیسی واضح کر دی ہے کہ کسی سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔شیخ وقاص اکرم نے انکشاف کیا کہ گزشتہ رات سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے، لیکن ان تمام حالات کے باوجود تحریک انصاف کا مطالبہ صرف ایک ہے ملک میں آزاد عدلیہ کا قیام۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے یقین دلایا ہے کہ ان کا کندھا عدلیہ کے خلاف استعمال نہیں ہوگا۔ شیخ وقاص نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے آئینی ترمیم کا مسودہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی شیئر نہیں کیا۔

Comments are closed.