اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن میں بھرپور انداز سے حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا، میٹنگ کی صدارت صدر اسلام آباد ریجن عامر مسعود مغل نے کی،ریجنل سیکرٹری اور چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی اعوان سمیت سینیئر قیادت نے شرکت کی سینیٹر فوزیہ ارشد، شعیب شاہین، سید فرزند شاہ اور علی بخاری بھی میٹنگ میں شریک ہوئے،پی ٹی آئی کے مطابق حکومت کی جانب سے بلدیاتی ایکٹ میں متنازع ترامیم کے باوجود الیکشن میں حصہ لیں گے، تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں ضلع بھر میں کلین سویپ کرے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 15فروری 2026 کو ہوگی،الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ نامزدگی فارم جمع کرانے کا مرحلہ 22 سے 27 دسمبر تک جاری رہے گا امیدواروں کے نام 29 دسمبر کو شائع کیے جائیں گے جب کہ کاغذاتِ نامزدگی کی سکروٹنی 30 دسمبر سے 3 جنوری تک ہوگی، ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 5 سے 8 جنوری تک دائر کی جاسکیں گی اور درخواستوں پر فیصلے 9 سے 13 جنوری کے درمیان سنائے جائیں گے،نظرثانی شدہ فہرست 14 جنوری کو جاری ہوگی، کاغذاتِ نامزدگی 15 جنوری تک واپس لیے جاسکیں گے اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 16 جنوری کو کی جائے گی۔

Shares: