پاکستان تحریک انصاف نے لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

pti

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں 16 گمشدہ کارکنوں کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان 16 کارکنوں میں سے کچھ کو بازیاب کر لیا گیا ہے، جبکہ کچھ ابھی بھی گمشدہ ہیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جبری گمشدگیوں کو آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10، 14، 19، اور 25 کے منافی قرار دیا جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مخصوص سیاسی جماعت سے وابستگی کی بنیاد پر جبری گمشدگی کو آئین کے آرٹیکل 17 اور 25 کے منافی قرار دیا جائے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو جبری گمشدگی کے عمل کو فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کیے جائیں اور فریقین کو کارکنان کی جان و آزادی کا تحفظ کرنے کے احکامات دیے جائیں۔درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، آئی جی اسلام آباد، ڈی جی ایف آئی اے، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ جبری گمشدگی میں ملوث ایجنسیوں اور افسران کی نشاندہی کی جائے اور جبری گمشدگی کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے بند کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست میں عدالت سے مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فریقین کو جبری گمشدگی کی تحقیقات کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرے اور اس سلسلے میں ضروری قانونی کارروائی کو یقینی بنائے۔

Comments are closed.