تحریک انصاف کا یوٹرن، نواز شریف کے قریبی ساتھی جو نیب ریڈار پر ہے بڑا عہدہ دے دیا
تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ایسے شخص کو عہدہ دے دیا جسکو ہٹانے کے لئے مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں تحریک انصاف نے بھر پور تحریک چلائی تھی اور چیف جسٹس کو خط بھی لکھا تھا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں تعینات رہنے والے سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی کو سفیر برائے سرمایہ کاری مقرر کر دیا ہے. وزارت خارجہ کی جانب سے جاری نوٹفکیشن کے مطابق ان کا یہ عہدہ اعزازی ہو گا،
اس سے قبل علی جہانگیر صدیقی مسلم لیگ ن کی حکومت کے آخری دنوں میں پاکستان کے امریکہ میں سفیر تعینات تھے ، ان کی اس تعیناتی کے خلاف پی ٹی آئی نے نہ صرف احتجاج کیا تھا بلکہ نامزد نگران وزیر اعظم ناصرالملک کو خط بھی لکھا تھا جس میں ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جب علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں سفیر تعینات کیا تھا تو ایک پریس کانفرنس میں اسلام آباد کے ایک سینئر صحافی سید عون شیرازی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پوچھا تھا کہ جہانگیر صیقی نے آپ کے ائیر بلیو کمپنی میں مبینہ طور پر اربوں کی سرمایہ کاری کی جس کے انعام کے طور پر علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں سفیر تعینات کیا ، جس کے جواب میں انہوں نے اس الزام کی تردید کی تھی. تحریک انصاف کے کئی رہنماء بھی اس دور میں ببانگ دہل اس الزام کو دہراتے تھے اور کہتے تھے کہ یہ تعیناتی ذاتی مفادات کی وجہ سے کی گئی اور فوائد لیے گئے.
اس وقت کے پی ٹی آئی کے ترجمان اور موجودہ وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے نامزد نگران وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ علی جہانگیر صدیقی کی سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ کاروباری شراکت ہے جبکہ ان کی نواز شریف کے ساتھ سیاسی وابستگی بھی ہے جس کے باعث انہیں امریکہ جیسے اہم ملک میں سفیر تعینات نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ان کی تعیناتی پاکستان نہیں بلکہ شریف خاندان اور ن لیگ کیلئے فائدہ مند ہوگی۔ اس خط میں علی جہانگیر پر کرپشن کے الزامات اور نیب انکوائری کا تذکرہ بھی کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کے احتجاج کے باوجود نگران حکومت نے سفارتی تقرریوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی لیکن جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو سب سے پہلے جن لوگوں کو عہدے سے ہٹایا گیا ان میں علی جہانگیر صدیقی شامل تھے.
اب تحریک انصاف نے ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے علی جہانگیر صدیقی کو ایک پھر سفیر برائے سرمایہ کاری مقرر کر دیا ہے. دلچسپ امر یہ ہے کہ علی جہانگیر صدیقی نیب کو مطلوب ہیں اور ان کے خلاف نیب میں ریفرنس کی سماعت ہو رہی ہے ، علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے سفیر تعینات ہونے سے قبل فواد حسن فواد کے اکاؤنٹ میں پندرہ کروڑ منتقل کیے تھے.سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بہت ہی قریبی بیورو کریٹ کے اکاؤنٹس میں علی جہانگیر صدیقی کے امریکا میں سفیر تعینات ہونے سے چند روز قبل بڑی رقم منتقل ہوئی، نیب اکاؤنٹس میں منتقل ہونے والی اس رقم اور اس کے محرکات کی بھی تحقیقات کر رہا ہے۔
علی جہانگیر صدیقی ایئربلیو کے ڈائریکٹر بھی رہے جو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خاندان کی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔