کورکمیٹی پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ، دستور اور جمہوریت کی کھلی توہین کی راہ روکنا ملک و قوم کے مفاد کیلئے ناگزیر ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کی توہین عوام قبول کریں گے نہ ہی دستور و جمہوریت کی قبریں کھودنے والوں کو کبھی معاف کریں گے۔اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے کردار پر تحریک انصاف ہی نہیں، صفِ اوّل کی سیاسی جماعتیں آوازیں اٹھا رہی ہیں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید کوئی جواز نہیں، فی الفور مستعفیٰ ہوں۔ اعلامیہ میں الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ عمران خان کو سزا دینے، بلّے کا نشان چھین لینے اور تحریک انصاف کو زبردستی انتخاب سے باہر رکھنے کی کوششوں کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے نو منتخب اراکینِ پارلیمان کو نہایت مضحکہ خیز تکنیکی بنیادوں پر ڈی سیٹ کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی آخری سازش میں مصروف ہے

Shares: