اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران شدید بدمزگی کا واقعہ پیش آیا۔ میڈیا نمائندوں اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی اور تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ماحول کشیدہ ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے میڈیا کے نمائندوں کو نہ صرف دھکے دیے بلکہ بعض صحافیوں کے ساتھ گالم گلوچ اور بدسلوکی بھی کی۔ اس دوران ایک صحافی پر تشدد کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ واقعے کے بعد صحافی برادری نے سخت احتجاج کرتے ہوئے علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کا مکمل طور پر بائیکاٹ کر دیا۔صحافیوں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ان پر تشدد ناقابلِ قبول ہے، ایسے رویے آزادیٔ صحافت پر حملے کے مترادف ہیں۔ د
واضح رہے کہ علیمہ خان جیل میں اپنے بھائی اور پی ٹی آئی کے بانی رہنما سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے لیے رکی تھیں، تاہم کارکنان اور صحافیوں کے درمیان کشیدگی نے صورتحال کو بگڑنے سے نہ روکا اور میڈیا ٹاک ادھوری رہ گئی۔