پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں 3 دن کی توسیع کی درخواست دے دی ہے۔
ریجنل صدر عامر مغل کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 26 دسمبر کو اسلام آباد میں سرکاری تعطیل ہے، جس کی وجہ سے امیدواروں کو کاغذات جمع کروانے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 125یونین کونسلز کے لیے 1125 کونسلرز کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے محدود وقت دیا گیا ہے، جو غیر منصفانہ ہے بلدیاتی ایکٹ 2015 میں بدنیتی پر مبنی ترامیم کی گئیں، جس سے دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کو فروغ دیا گیا۔
عامر مغل نے مزید کہا کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے براہِ راست انتخابات ختم کرکے ایسا قانون بنایا گیا کہ کونسلرز جیتنے کے بعد دباؤ میں آ کر اپنی وفاداری تبدیل کریں اس کے باوجود تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی کیونکہ عوام مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں سے شدید نفرت رکھتی ہے،اسلام آباد کی عوام صرف اور صرف عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے-
عامر مغل نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کا انتخابی نشان ‘بلا’ چھین لیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام کارکنان کاغذات نامزدگی میں خود کو “سنی اتحاد کونسل” کے امیدوار کے طور پر ظاہر کریں، جبکہ عامر مغل کی خصوصی ہدایات پر چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی اعوان اور سیکرٹری بلدیات کمیٹی انجم شہزاد تنولی نے چیف الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو کاغذات نامزدگی میں تین دن اضافے کی درخواست دی۔








