پی ٹی آئی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے کارکن رضوان احمد کو گرفتار کر لیا گیا، روف حسن

0
69
raof hassan

ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رؤف حسن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے کارکن رضوان احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ایک بیان میں رؤف حسن نے کہا کہ آخری اطلاعات کے مطابق وہ ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں، رضوان احمد کی رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ کل اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہورہا ہے، ساڑھے 3 مہینے کی جدوجہد کے بعد عدالتی حکم کی بنیاد پر 6 جولائی کو جلسے کے انعقاد کا فیصلہ ہوا تھا۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے رکن رضوان احمد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بہت کوششوں کے بعد گزشتہ روز جلسے کا این او سی مل ملا تھا، رات کو جلسہ گاہ میں کچھ کام شروع کروایا تھا لیکن آج صبح وہاں کام کرنے والے کرین آپریٹر کو اغوا کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رضوان احمد دفتر آنے کے لیے گھر سے نکلے تھے جس کے بعد سے وہ لاپتا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا چلا ہے کہ وہ ایف آئی اے کی حراست میں ہیں، آخری بار انہیں گاڑی میں روات کے قریب دیکھا گیا۔ترجمان پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے متعدد اہلکار جلسہ کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں اور دیگر ورکرز کو کام کرنے سے روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ریاستی جبر، ظلم اور فسطایت کے سامنے ہم گھٹنے ٹیک دیں تو ایسا نہیں ہوگا، ہم اس ریاستی فسطایت کا مقابلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے این او سی دینے پر راضی نہیں تھی، عدالتی احکامات پر این او سی ملا تو اب ریاستی فسطائیت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، ریاستی اداروں کے استعمال کے ذریعے کوشش کی جارہی ہے کہ ہم کل وہاں اپنا جلسہ نہ کریں۔رؤف حسن نے واضح کیا کہ ہم اسٹیج بناسکے یا نہیں، ہمیں بجلی کی سہولت ملے یا نہ ملے، ہم جلسہ کل ہر صورت میں کریں گے، ہم سب کو گرفتار بھی کرلیں ہم تب بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی تحریک کا آغاز ہے جسے ہم کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے، اس کو جاری و ساری رکھیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔

Leave a reply