اسلام آباد:معروف وکیل ایمان مزاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کی مقبو ل ترین جماعت ہے کیوں کہ عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا-

تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قومی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وکیل ایمان مزاری نے کہاکہ پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کی مقبو ل ترین جماعت ہے کیوں کہ عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا، تحریک انصاف اپنی پالیسی واضح طور پر بیان کرے اور فیصلہ کرے کہ کیا آپ سہیل آفریدی والی مزاحمت چاہتے ہیں یا مفاہمت کا راستہ چاہیے؟ مگر یہ واضح رہے کہ ظالم، جابر اور قابض کے سامنے مفا ہمت نہیں مزاحمت ہی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کی ووٹر یا سپورٹر نہیں ہوں مگر میری پی ٹی آئی سے درخواست ہے کہ اپنی پالیسی واضح کردے کہ وہ مزاحمت کے لیے تیار ہے تو ہم سب اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جب میری والدہ شیریں مزاری تحریک انصاف کی حکومت میں وزیر تھیں تو میں خود پی ٹی آئی کی سخت مخالف تھی اور پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتی تھی مگر یہ بات ہے مگر آج یہ بات پی ٹی آئی یا عمران خان کی نہیں ہے پاکستان کے عوام کے اور اس کے مینڈیٹ کی ہے اور کسی کو یہ حق نہیں ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالا جائے۔

انہوں ںے کہا کہ کل جو عمران خان کے پر تنقید کرتے تھے آج وہ عمران خان کے حقوق کی بات کررہے ہیں کیوں کہ ہم اپنے عوام کے حقوق کی بات کررہے ہیں اور آج مجھ سمیت پی ٹی آئی پر تنقید کرنے والے اڈیالہ کے باہر جاکر عمران خان کی بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہیں جن پر اڈیالہ کے باہر بہیمانہ سلوک کیا جاتا ہے، مل کر ایسے رویے کی مذمت کرنی چاہیے، چاہے وہ ماہ رنگ بلوچ ہو، عمران خان ہو یا علی وزیر ہو، ہم سب کو اس رویے کے خلاف ایک آواز ہوکر سڑکوں پر آنا چاہیے۔

Shares: