پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ملک شفقت اعوان نے آئینی ترمیم کے معاملے پر سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی اس ترمیم کو پاس نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنے بانی کے ساتھ ہیں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر آئینی ترامیم کو روکنے کا عزم رکھتے ہیں۔ملک شفقت اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ہمیں کسی نے نہیں چھپایا، بلکہ ہم خود چھپ کر بیٹھے ہیں۔ ہماری پوری فیملی کہیں نہ کہیں چھپی ہوئی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھول جائیں کہ پی ٹی آئی کا کوئی ایک ایم این اے ان کے ساتھ دے گا، کیونکہ ہم ایسے غیر آئینی اقدامات کی حمایت نہیں کریں گے۔ شفقت اعوان نے یہ بھی کہا کہ "ہم آئینی ترمیم کبھی بھی پاس نہیں ہونے دیں گے۔ لوگوں کو 70 سے 100 کروڑ روپے تک کی آفر کی گئی ہے۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا پارٹی کے فیصلوں میں شامل رہنے کا ارادہ ہے اور باقی معاملات میں پارٹی کی پالیسی کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز نے بھی اس موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر کسی نے رقم کی پیشکش نہیں کی۔ خواجہ شیراز نے کہا کہ "ہمارے گھروں کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے، اور ہم ہر سطح پر اس فسطائیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔خواجہ شیراز نے یہ بھی واضح کیا کہ پنجاب کے تمام پی ٹی آئی ایم این ایز اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہوں نے اپنی فیملی کو 15 جولائی سے گھر پر نہیں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ہم ضمیر کا سودا کریں اور آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیں، لیکن میں نے کسی سے رقم کی پیشکش نہیں لی۔یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب ملک میں سیاسی ہلچل جاری ہے، اور پی ٹی آئی رہنماوں کا عزم ہے کہ وہ آئینی ترمیم کے خلاف مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا آئینی ترمیم کے خلاف سخت موقف
Shares: