پی ٹی آئی رہنماؤں کی تاجر ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ پر اظہار یکجہتی

0
39

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں تاجر ایکشن کمیٹی کے احتجاجی کیمپ پر پہنچ کر ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، اراکین سندھ اسمبلی سعید آفریدی،راجہ اظہر، جمال صدیقی، شہزاد قریشی سمیت دیگر موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اس شہر کی صنعت اور بزنس کمیونٹی 70 فیصد ریونیو جمع کرتی ہے۔ اس ملک کے وی وی آئی پیز یہ لوگ ہیں،یہ تاجر اس قوم کے سر کا تاج ہیں۔ تین دن سے یہ تاجر برادری روڈ پر موجود ہے،

ہمارے رکن راجہ اظہر پہلے دن سے یہاں موجود ہیں لیکن ان کے جائز مطالبے کو صوبائی حکومت کی جانب سے تسلیم نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں نادر شاہی لاک ڈاؤن لگایا گیا۔ جلسے ہوسکتے ہیں لیکن کاروبار نہیں ہوسکتا۔ یہ سازش پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ تمام مشکلات کے باوجود عمران خان نے بزنس کمیونٹی اور مزدور کا خیال رکھا،سندھ حکومت ڈیڑھ سال سے سازشیں کررہی ہے۔ کشمیر میں جس طرح ظلم ہورہا ہے، وہی رویہ کراچی میں ہے۔ ہم تاجر برادری کے ساتھ کھڑے ہیں،تاجروں کے ہر فیصلے میں ساتھ ہیں۔ ایک اے سی کو ان سے مذاکرات کے لیے بھیجا گیا لیکن کسی وزیر کو یہاں آنے کی زحمت نہیں ہوئی۔سندھ حکومت سیکورٹی رسک بن چکی ہے۔ 18 ویں ترمیم کی آڑ میں ملک کے معاشی حب کو تباہ کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاجر برادری کراچی کا کیس لڑرہی ہے۔ یہ لوگ فرعونوں سے مقابلہ کررہے ہیں۔ تین دن سے ملک چلانے والے لوگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں، صوبے کا کوئی وزیر ان کے پاس نہیں آیا۔ تاجروں کے مطالبات جائز ہیں،سندھ کی حکومت کا مقصد ملک کے وزیراعظم کو پریشان کرنا ہے۔ ان کی کوشش ہے معیشت کو بٹھایا جائے۔ کراچی کے کاروباری شخصیات کے خلاف مقدمے کیے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک قبول نہیں۔جو تاجر کہیں گے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ہم وزیراعظم عمران خان کا پیغام لیکر ائے ہیں، وزیراعظم نے کہا ہے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ظلم کی مذمت کرتا ہوں۔ تاجر ریونیو دیتے ہیں تو ملک چلتا ہے۔ سندھ حکومت نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کیا۔ وزیراعظم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا۔ ہر چیز چل رہی ہے جلسے ہورہے ہیں،سندھ حکومت اپنے شہروں سے بھی تعصب رکھ رہی ہے۔ ہم امن امان کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے۔ سندھ حکومت کوئی بات سننے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت حوش کے ناخن لے اور تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

Leave a reply