لاہور : ہوٹل میں مقیم پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی کے کمرے میں آگ لگ گئی

0
76

لاہور: ہوٹل میں مقیم پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی کے کمرے میں آگ لگ گئی۔

باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس بارا لاہور کے مقامی ہوٹل میں مقیم تھے جہاں ان کے کمرے میں اچانک آگ لگ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ندیم عباس بارا کمرے میں سوئے ہوئے تھے جو ہیئر ڈرائی مشین کے جلنے کی بوسے جا گے تاہم ندیم عباس بارا کے کمرے میں لگنے والی آگ پر فوری قابو پالیا گیا ہے-

واضح رہے کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کو ہوٹلوں میں ٹھہرایا ہے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 160 سے زائد ارکان اسمبلی مال روڈ پر واقع ہوٹل پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر ارکان پنجاب اسمبلی بھی آج ہوٹل پہنچ جائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں آج لاہور پہنچیں گے عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس آج لاہور میں ہوگا اور سابق وزیر اعظم پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

علاوہ ازیں کل پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے انتخاب کے سلسلے میں تمام ترحفاظتی اور قانونی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے کچھ احکامات بھی جاری کیئے گئے ہیں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 22 جولائی 2022 کو وزیراعلیٰ پنجاب کے آزاد اور شفاف انتخاب کے انعقاد کیلئے صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ہے۔

کل کے حوالے سے جاری کردہ جوضابطہ اخلاق سامنے آیا ہے اس کے مطابق اسمبلی سیکریٹریٹ میں اراکین اسمبلی اور اسمبلی اسٹاف کے مہمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔اس کے ساتھ ساتھ اسپیکر باکس، آفیسر باکس اور مہمانوں کی گیلریاں بند ہوں گی، تاہم میڈیا گیلری کھلی ہوگی۔

اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جاری ضابطے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی سے گزارش ہے کہ اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، جب کہ ایوان میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی۔

Leave a reply