باجوڑ: پی ٹی آئی امیدوار کے خلاف خار تھانہ میں مقدمہ درج،ریحان زیب کے قاتلوں کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی
باجوڑ میں آزاد امیدوار ریحان زیب پر حملہ کرنے والے دو ملزمان کی ویڈیو سامنے آگئی ہے .ویڈیو میں 2 ملزمان کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ریحان زیب پر گاڑی میں بیٹھتے وقت فائرنگ کی گئی۔ سینٹرل پولیس آفیسر (سی پی او) پشاور کا کہنا ہے کہ ریحان زیب پر فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوئے، پولیس نے واقعے میں ملوث نیٹ ورک کی نشاندہی کرلی ہے۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ ریحان زیب کو گاڑی کے قریب قتل کیا گیا ہے، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیےخصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ریحان زیب کو31 جنوری کوقتل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب سابق وزیر اور پی کے 20 پر پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار انور زیب پر ریحان زیب کےقتل کےخلاف خار چوک میں احتجاج کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔انور زیب کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کرنے پر مجھ پر ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے صرف قاتل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔پی ٹی آئی نامزدامیدوار انورزیب نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر انور زیب خان کو گزشتہ ماہ بھی گرفتار کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ باجوڑ کے آزاد امیدوار ریحان زیب کے قتل کے بعد یکم فروری کو باجوڑ اسکاؤٹس بلڈنگ سول لائن پر پتھراؤ میں ملوث مظاہرین کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔باجوڑ میں آزاد امیدوار قتل واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین نے اسکاوٹس عمارت پرپتھراو کیا تھا اور گیٹ پر پتھر برسائے تھے۔
تھانہ خار ایس ایچ او عبدالصمد خان کی مدعیت میں باجوڑ اسکاؤٹس بلڈنگ سول لائن پر پتھراؤ میں ملوث 25 سے زائد مظاہرین کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی تھی۔مقتول تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر کےخلاف الیکشن لڑ رہے تھے، ریحان زیب کے قتل کے بعد تحریک انصاف نے انہیں پارٹی کا حمایت یافتہ اُمیدوار قرار دیا اور پھر بیان ہٹا دیا تھا۔باجوڑ میں قتل کیے گئے آزاد امیدوار ریحان زیب نے ٹکٹ تقسیم پر سوال اٹھائے تھے، انہیں قومی، صوبائی اسمبلی کیلئے تحریک انصاف نے ٹکٹ نہیں دیا تھا، ریحان زیب بطور آزاد امیدوار قومی، صوبائی اسمبلی الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔قومی اسمبلی کے حلقے این اے 8 میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کا پارٹی ٹکٹ گل ظفر خان کو جبکہ پی کے 22 میں ٹکٹ گل داد خان کو جاری کیا تھا۔ریحان زیب نے 12 جنوری کو خیبر پختونخوا حکومت میں کرپشن کا بھی انکشاف کیا تھا، ان پر چند روز سے تحریک انصاف سے منسلک ٹرول اکاؤنٹس سے تنقید کی جا رہی تھی۔