اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اہم خطاب کیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو کی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی وی پر اپوزیشن کو حکومت کے برابر وقت دیا جاتا ہے تاکہ عوام کو تمام سیاسی جماعتوں کے نظریات اور موقف کا صحیح ادراک ہو سکے۔ وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کو ملک کا قومی نشریاتی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کی تباہی میں تمام سیاسی جماعتوں کا حصہ ہے کیونکہ ماضی میں ہر حکومت نے پی ٹی وی کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا۔ پی ٹی وی میں اصلاحات لانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ اسے ایک معتبر اور عوامی اعتماد کا حامل ادارہ بنایا جا سکے۔ عطاء اللہ تارڈ نے پی ٹی وی کے موجودہ اینکرز کی سکرین پر آنے والی بہتری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے اینکرز کی آمد سے ادارے کی سکرین کی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور مارکیٹ سے بہتر اینکرز کو پی ٹی وی میں لایا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی میں جاری اصلاحات کا مقصد نہ صرف اس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے بلکہ عوام کے لیے معیاری اور غیر جانبدار پروگرامنگ کو یقینی بنانا بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پی ٹی وی کو ایک تعمیری اور پیشہ ورانہ ادارہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا عہد کیا ہے۔