خانیوال ریلوے اسٹیشن پر آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسافر پُل کا ایک حصہ اچانک گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق جبکہ ایک خاتون مسافر زخمی ہو گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ صبح کے وقت اس وقت پیش آیا جب متعدد مسافر پُل پر سے گزر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک زوردار آواز کے ساتھ پُل کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا، جس سے نیچے موجود ریلوے ملازم ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ قریب سے گزرنے والی ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ریلوے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حادثے میں ایک ریلوے ملازم کی جان گئی ہے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی گئیں اور ملبہ ہٹا کر متاثرہ مقام کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد پل کی مرمت اور ازسرِ نو تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے باوجود ریلوے ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے اور ٹرینوں کی آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پل کی حالت پہلے ہی سے خستہ حال تھی اور اس پر مرمت کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ غفلت یا لاپروائی کے پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

Shares: