لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے 9 مئی 2023 کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہوچکا ہے، قائد حزب اختلاف کی ذمہ داری ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجام دے رہے ہیں،آئندہ اجلاس کے دوران حزب اختلاف کو اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ 22 جولائی کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر اور دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی،سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی 2023 کے حوالے سے میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج مقدمہ نمبر 72 کا فیصلہ سنایا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر اور رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت پی ٹی آئی کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی تھی،سزا پانے والوں میں سابق ایم این اے بلال اعجاز بھی شامل ہیں، ملزمان پر پُرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔