لاہور: پنجاب کے سیکریٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل نے مین ہول کے ڈھکن چوری کرنے کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے میں ملوث افراد کے خلاف قید اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
سیکریٹری ہاؤسنگ نے اس حوالے سے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین ہول کے ڈھکن چوری کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے اسپیشل برانچ کی ٹیموں کی مکمل معاونت حاصل کی جائے۔ نور الامین مینگل نے مزید ہدایت کی کہ تمام منیجنگ ڈائریکٹرز واسا (واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیاں) اپنے اپنے اضلاع میں سرگرم مافیا کا سراغ لگانے اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا حکام فیلڈ میں نگرانی بڑھائیں، حساس مقامات کی نشاندہی کریں اور پولیس و دیگر اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔سیکریٹری ہاؤسنگ نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مین ہول کے ڈھکن چوری کرنے میں نشے کے عادی افراد کی تعداد نسبتاً کم جبکہ منظم اور پیشہ ور مافیا زیادہ ملوث ہے، جو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت یہ ڈھکن چوری کر کے انہیں فروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مین ہول مافیا کو قابو میں لانے کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے جائیں گے، جن کے تحت نہ صرف چوری میں ملوث افراد بلکہ خرید و فروخت میں شامل تمام عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ نور الامین مینگل کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔سیکریٹری ہاؤسنگ نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں کھلے یا غائب مین ہول ڈھکنوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔








