گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے پہلے کامیاب مرحلے کے بعد عید الفطر کے بعد دوسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے اور مزید 1500 شادیوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پنجاب دھی رانی پروگرام کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ درخواستیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے ضلع آفس میں بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ بات صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت نے سی ایم پنجاب دھی رانی پروگرام کے چھٹے ویڈیو لنک سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیٹر محمد شفیق، اے سی جی فرخ محمود جنجوعہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید و دیگر کمشنر دفتر میں شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے 1312 ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔ پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں میں دولہا دلہن، ان کے قریبی عزیزو اقارب کے لیے کھانا حکومت پنجاب کی طرف سے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی جانب سے جوڑوں کو نئی زندگی کی شروعات پر فرنیچر، کپڑوں سمیت دیگر ساز وسامان کے تحائف سمیت اے ٹی ایم کے ذریعہ ایک لاکھ روپے سلامی بھی دی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب کی ہر بیٹی سے محبت ہے اور ان کے گھر بسانے پر دلی خوشی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹیوں کے سر پر دست شفقت رکھنا پنجاب کی ریت ہے۔ نادار اور محروم طبقات کا احساس حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں اس پروگرام کے تحت مجموعی شادیوں کے لیے متوقع تاریخ 28 مئی مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے غریب اور مستحق جوڑوں کی شادی کرانے کا بیڑا اٹھاتے ہوئے گزشتہ ماہ دھی رانی پنجاب پروگرام کا آغاز کیا تھا۔