اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریضوں کو ہسپتال کے باہر سے دوا خریدنے پر مجبور نہ کریں۔ اس سلسلے میں احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد فیصل کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 5 جولائی 2025 کو شام 6:30 بجے ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران معلوم ہوا کہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک مریض کو سیرپ "ٹرول” تجویز کیا، جو اہسپتال میں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریض کو بازار سے خریدنا پڑا۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق ڈاکٹروں کو باہر کی ادویات تجویز کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
نوٹس میں مذکور ہے کہ یہ عمل نہ صرف غفلت کا مظہر ہے بلکہ محکمانہ قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے۔ متعلقہ میڈیکل آفیسر کو تین دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ پہلا شوکاز نوٹس منظر عام پر آیا ہے اور آئندہ بھی اگر کسی ڈاکٹر نے باہر کی دوا تجویز کی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔