پنجاب حکومت چند دن کی مہمان ہے، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری سیاست کی فکرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا،اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے،تم نے امریکہ کی سپورٹ پر، این جی او کی سپورٹ پر، اداروں کی سپورٹ پر سیاست کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہے،آپ کا گھر بھی امریکی قونصلیٹ سے چلا اور بنا، ہم اس سیاست کو دفن کردیں گے اس سیاست کو چلنے نہیں دینگے، ہم عمران خان کے بوگس بیانیہ کو زمین بوس کرچکے ہیں اور یہ جنگ جیت چکے ہیں، تم حادثات کے ذریعے سیاست چمکانہ چاہتے ہو اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگر قانون میں کہیں سقم ہے تو اس پر قانون سازی ہونی چاہیے۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو کہا ہے تحقیقات کر کے پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں کو قبول کریں، یہ سپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے وہ کب استعفے منظور کرتے ہیں، ہمیں ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے، اس حوالے سے عوامی رائے عامہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کے حوالے سے طارق بشیرچیمہ یا زرداری صاحب کی گفتگو کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے، میں نے چودھری شجاعت حسین کے ساتھ ملاقات کی ہے ان کے ساتھ مختلف ایشوز پر مشاورت ہوئی ہے، ہم پہلے کی طرح اب بھی عمران خان کے بیانیہ کو ناکام بنائینگے، کبھی کہتے ہیں امریکی مراسلہ آیا، جھوٹ ثابت ہوا، کبھی کہتا ہے مجھے کوئی قتل کرنا چاہتا ہے آپ کو کوئی کیوں قتل کرے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سب جھوٹ پھیلا رہا ہے اپنی حکومت سے میری شکایت ہے،فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس، بی آر ٹی، کیوں ان کیسز کا فیصلہ نہیں ہورہا۔