لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں غذائی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے محکمہ خوراک پنجاب کو ختم کر دیا ہے۔ اس کی جگہ نیا پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے جو خوراک کے متعلق تمام اہم امور کی ذمہ داری سنبھالے گا۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو غذائی اشیاء کی قیمتوں اور انتظامی امور کی نگرانی کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔ اس ڈیپارٹمنٹ کا قیام بنیادی طور پر اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں استحکام اور مناسب کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ نیا ڈیپارٹمنٹ نہ صرف گندم کی خریداری اور ذخیرہ اندوزی کے بارے میں فیصلے کرے گا بلکہ ان پر عملدرآمد کی بھی نگرانی کرے گا۔ یہ ادارہ اشیائے خورونوش کی پیداوار سے لے کر ان کی مارکیٹ تک رسائی کے تمام مراحل پر نظر رکھے گا تاکہ عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر غذائی اجناس دستیاب ہوں۔
محکمہ خوراک کا خاتمہ ایک اہم قدم ہے جسے صوبائی حکومت نے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف لڑائی کے تناظر میں اٹھایا ہے۔ صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق، محکمہ خوراک کو ختم کرنے کا مقصد نظام کو بہتر بنانا اور عوامی مفاد میں زیادہ شفافیت اور فوری عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔حالیہ برسوں میں خوراک کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ذخیرہ اندوزی کے واقعات نے عوام کو شدید مشکلات کا شکار کیا ہوا تھا، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ نئے ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا بنیادی مقصد اشیاء خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا اور مصنوعی مہنگائی کا تدارک کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے قیمتوں کے تعین اور ان پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔پنجاب حکومت کے اس اہم فیصلے سے توقع کی جا رہی ہے کہ صوبے میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور عوام کو سستے اور معیاری غذائی اجناس فراہم ہوں گی۔
ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں اس کے اختیارات اور ذمہ داریوں کی وضاحت کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ تمام غذائی اجناس کے کاروبار اور قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق پالیسی سازی اور ان پر عمل درآمد کی ذمہ داری سنبھالے گا۔یہ اقدام پنجاب حکومت کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ عوام کو مہنگائی کے چنگل سے نجات دلانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے میں سنجیدہ ہے۔

Shares: