بہاولپور پر بھارتی جارحیت کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ "شروع بھارت نے کیا، ختم ہم کریں گے۔”

باغی ٹی وی کے مطابق پنجاب پولیس، سکیورٹی ادارے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، اور شہری دفاع سمیت تمام محکموں کو فوری طور پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام اسٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹیاں سنبھالنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ:”ہم امن چاہتے ہیں، مگر عزت کے ساتھ۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم ایک لشکر میں تبدیل ہو جائے گی۔”انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور صرف سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر یقین کریں۔ شہری دفاع کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ زخمیوں یا کسی بھی متاثرہ فرد کی اطلاع فوری قریبی اسپتال یا ریسکیو ادارے کو دی جائے تاکہ فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور طبی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

موجودہ صورتحال کے پیش نظر، افواہوں سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا:”افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر عمل کریں۔ قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”پنجاب حکومت نے اس موقع پر مکمل اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بخوبی نمٹا جا سکے۔

Shares: