لاہور: جیل حکام نے کہا ہے کہ پنجاب کی جیلوں سے اب عالمی معیار کے کارپٹس اور قالین ملیں گے۔

باغی ٹی وی : جیل حکام نے بتایا کہ لاہور کی سینٹرل جیل سمیت 5 جیلوں میں امپورٹد وول سے کارپٹس وقالین کی تیاری شروع ہوگئی، نئے کارپٹس وقالینوں کا ریٹ 1لاکھ سے3 لاکھ تک کا رکھا گیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے کہا کہ پرانے کارپٹس و قالینوں کا ریٹ 15 ہزار سے 80 ہزار تک تھا، شہری کارپٹس وقالین جیل سے خود بھی خرید سکتے ہیں، جبکہ مارکیٹ سے بھی خریداری کی جاسکتی ہے،جدید ڈیزائننگ اور ٹریننگ کے لئے کنسلٹنٹ رکھے گئے ہیں، کارپٹس و قالین بنانے والے قیدیوں کی اجرت میں بھی اضافہ کرکے جیلوں میں انڈسٹری کو مزید بہترکیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں جیلوں میں ہنرمند قیدیوں کیلئے انڈسٹری مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا،اب قالین،بلب، فٹ بال،برتن اور ٹف ٹائل کے بعد جوتے بھی تیار کرائے جائیں گےجیل حکام کے مطابق جیلوں میں قیدیوں سے جوتوں کے اپر تیار کرائے جائیں گے،جوتے تیار کرنے والے کو معقول معاوضہ دیا جائے گا،جوتوں کو تیار کرنے کا ہنر سیکھنے والے قیدیوں کیلئے ورکشاپس کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ابتدائی طور پر لاہور سمیت 4ریجنز کی سنٹرل جیلوں میں جوتے تیاری کا عمل شروع کرایا ، جیل حکام کے مطابق آئی جی جیل میاں فاروق نذیر جیلوں میں قیدیوں کو ہنر مند شہری بنانے کیلئے کوشاں ہیں،گزشتہ 3 ماہ کے دوران قیدیوں کو جیل کے اندربڑے پیمانے کے روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔

Shares: