پنجاب کے کن اضلاع میں بنائے جا رہے ہیں کرونا مریضوں کے لیے فیلڈ ہسپتال؟

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس انتظامات، کنسٹرکشن انڈسٹری میں کام کرنے والی کمپنیوں کیلئے ایس او پیز کی تیاری، زائرین کی واپسی کی حکمت عملی کے جائزے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا.اجلاس کی صدارت چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے کی۔

کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے صوبے بھر میں ایکسپو سینٹر لاہور کی طرز پر فیلڈ ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور راولپنڈی، جہلم میں دو نئے فیلڈ ہسپتال اگلے تین دن میں تیار کر دیئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے کیمپ آفس میں اعلیٰ سطحی ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس انتظامات، کنسٹرکشن انڈسٹری میں کام کرنے والی کمپنیوں کیلئے ایس او پیز کی تیاری اور زائرین کی واپسی کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم اور متعلقہ افسران بھی اس موقع موجود تھے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا مہلک بیماری سے تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیف سیکرٹری نے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلق حکمت عملی طے کرنے کیلئے تمام انتظامی افسران کو دو روز میں تجاویز بھجوانے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں زائرین کے قرنطینہ اور ٹیسٹنگ کاعمل مکمل کر لیا گیا ہے اور کورونا وائرس کے منفی ٹیسٹ والے زائرین کو انکے علاقوں میں بھجوا دیا جائے گا جبکہ مثبت ٹیسٹ والوں کو مزید 14دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ کینیڈا اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھنے کیلئے راولپنڈی میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

اجلاس میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر گڈ فرائیڈے اور ایسٹرکی تقریبات کے سلسلے میں حکمت عملی طے کرنے کیلئے مسیحی برادری سے رابطہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ کوروناوائرس سے متعلق ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیلئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار شہریوں سے شائستگی سے پیش آئیں اور کسی کو بلا وجہ تنگ نہ کیا جائے۔

Shares: