پنجاب میں 16 ماہ میں‌ حکومتی ٹیم کا کوئی سیکنڈل نہیں آیا،وزیراعلیٰ پنجاب کا دعویٰ

0
46

پنجاب میں 16 ماہ میں‌ حکومتی ٹیم کا کوئی سیکنڈل نہیں آیا،وزیراعلیٰ پنجاب کا دعویٰ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے سیاسی و انتظامی ٹیم کے اعزاز میں تقریب ہوئی، تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی.

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ وزراء اور افسران اپنی توانائی صوبے کے عوام کی بہتری اور خوشحالی پر صرف کریں۔ منسٹرز با اختیارہیں، فیصلے خود کریں اورعوام کو ڈلیور کریں۔ سروس ڈلیوری کیلئے سیاسی اور انتظامی ٹیم کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔یقین ہے کہ سیاسی اور انتظامی ٹیم بہترین اشتراک کار کے ذریعے بہترین نتائج دے گی۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزراء اپنے محکموں کے سیاسی سربراہ اور سیکرٹریز انتظامی ہیڈ ہوتے ہیں،دونوں فیصلوں میں خود مختار ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے پنجاب کی سیاسی اور انتظامی ٹیم ایک ہی پیج پر ہے۔ گڈگورننس کے اثرات صوبائی سطح سے تحصیل لیول تک عوام کو نظر آنے چاہئیں۔ پنجاب گڈگورننس میں دیگر صوبوں پر لیڈ بہت آگے ہے اورآئندہ بھی سبقت لے گا۔ ہر سطح پر بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل افسروں کو تعینات کیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہم سب کا مشن عوام کی خدمت اورانہیں ریلیف دینا ہے۔ عام آدمی کو دفاتر میں بار بار نہ آنا پڑے،بغیر سفارش کے کام کیا جائے۔ عوام سے براہ راست رابطہ رکھنے والے محکمے روٹین سے ہٹ کر عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کریں۔ پنجاب کی واحد سیاسی اور انتظامی ٹیم ہے جس کے خلاف کوئی سکینڈل نہیں ہے۔ 16ماہ میں سکینڈل کا سامنے نہ آنا شفافیت کی دلیل ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار قابل تقلیدپارلیمانی روایات کے بانی ہیں۔ عثمان بزدار کی ٹیم کے طور پر دلجمعی سے کام کرتے رہیں گے۔سیاسی اور انتظامی ٹیم کی ملاقات کے مثبت اور حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔

Leave a reply